یوم شہدائے پولیس: قوم کا شہدائے پولیس کو سلام
ملک بھر میں آج دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے۔
پاکستان بھر میں میں پولیس کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کر کے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ جرائم کی سرکوبی کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا ، شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں،پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ، شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور میں شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لئے ایک بڑا اور تاریخی پیکج دیا تھا ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا یوم شہداء پر پیغام
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، پولیس افسران اور جوانوں نے ہمیشہ بطور ہراول دستہ جرائم کی سرکوبی کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے-
یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پولیس شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، پولیس افسران اور جوانوں نے ہمیشہ ہر اول دستے کے طور پر جرائم کی سرکوبی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لئے تمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے تاریخ رقم کی ہے، شہید ایس ایس پی اشرف مارتھ، شہید کیپٹن مبین اور تمام پولیس شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، آج کے دن شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہیں، ہم ہر لمحہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ شہداء پولیس کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ قوم ہمیشہ سرخرو ہوتی ہے جو اپنے شہداء کی تکریم کرتی ہے، شہداء کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 4 اگست کا دن شہداء کی یاد دلاتا ہے، پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، شہداء پر فخر ہے، قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پیغام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہداء اور انکے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں، سب سے پہلے امن و امان ہم نے قائم کرنا ہے، اپنی پولیس کو مزید مضبوط کریں گے، جب تک امن نہیں ہوگا ایک خوشحال صوبہ ممکن نہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اسلحہ سمیت دیگر سازو سامان کے لئے فنڈز دیئے ہیں اور مزید دیں گے، ٹریفک چالان میں 1 فیصد شہدا کے لئے ہوگا، ٹریفک چالان میں 20 فیصد پولیس ویلفیئر کو جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ شہدا کے بچے ہمارے بچے ہیں، سوچتا ہوں حاضر سروس پولیس اہلکار ایک ذہنی کیفیت میں ہوتے ہیں، ہمارا رویہ انکے ساتھ سخت نہیں ہونا چاہئے، سخت رویوں سے دل شکنی ہوتی ہے شہدا کی اور فورس کی، انکے ساتھ ہمیں اپنے رویئے پر بھی غور کرنا ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا یوم شہدا پر پیغام
یوم شہداء پولیس کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ مجلس ان شہداء کے ورثاء کی ہے جن کا حق ہم ادا نہیں کر سکتے، جب کیپٹن احمد مبین شہید ہوئے تب میں حکومت کا ترجمان تھا، مال روڈ پر شہداء اور ان کے خاندانوں کو میں آج تک نہیں بھولا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک جس طرف جا رہا ہے افراتفری پھیلا دی گئی ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں جتنی قربانیاں یہاں بیٹھے شہداء کے خاندانوں نے دی ہیں ، ہم ان لوگوں اور شہداء کے مقروض ہیں جنہوں نے امن کے لئے قربانیاں دیں۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کے بچوں کو ایف ایس سی تک مفت تعلیم دے رہے ہیں ، پولیس شہداء کیلئے ہم مزید مراعات وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشاورت سے لیکر آئیں گے ، شہداء کے بچوں کو ہم ہر طرح کی مراعات دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی یاد میں قصور کے ایک چوک کو وال آف فیم کے طور پر بنایا جائے گا، پاکستان کی سالمیت کی کہانی افراد کے کندھوں پر ہے، اگر وہ شہداء جیسے ہوں تو ملک آگے بڑھے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یوم شہدائے پولیس کا پیغام
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم شہدائے پولیس پر پولیس کے شہید افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے، جرائم کی سرکوبی کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم یومِ شہداء پر پولیس کے شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے اور قوم کو پولیس کے بہادر جوانوں اور افسران پر فخر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔