خیر پور (نیوز پلس)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پولیس نے صوبے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے جو جانیں دی ہیں، انہیں ہم چند نااہل افسران کی وجہ سے رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔خیرپور میں میڈیا سے گفتگو میں سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینا چاہیے، اس صوبے کی منتخب سیاسی حکومت کی پالیسیاں لوگوں کی بہتری کے لیے ہی ہوں گی کیونکہ ہم عوام کے نمائندے ہیں اور پولیس افسران ان کے خادم ہیں۔رانی پور میں ایک کروڑ کی ڈکیتی اور بدامنی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پولیس کی وجہ سے رانی پور سمیت چند اضلاع میں بدامنی کا ماحول پیدا ہوا ہے اور اس بدامنی کے ماحول کی وجہ سے ہی کابینہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ اس کا حل یہی ہے کہ آئی جی سندھ کو تبدیل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں جی حضوری کرنے والا بندہ نہیں بلکہ وہ آدمی چاہیے جو صوبے میں امن و امان برقرار رکھ سکے اور صوبے کے عوام کی خدمت کر سکے کیونکہ وہ خادم ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نااہل افسران کو بچایا جائے گا تو نقص امن کی صورتحال پیدا ہو گی اور اگر نااہل افسران اپنی نااہلی چھپانے کے لیے عوامی نمائندوں پر بھونڈے الزام عائد کریں گے تو یہ عوام کی تذلیل ہے۔