اسلام آباد (نیوز پلس)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم آج عید الاضحی کے مبارک دن پر میں اپنے کشمیری بھائی بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے کشمیری بھائی بہن بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد اور 70 سالہ قربانیوں پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ عید الاضحی کا دن ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمارے اس یقین کو پختہ کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے نزدیک کوئی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام جس طرح بھارتی فوج اور حکومت کے ظلم اور بر بریت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارتی حکومت کی یہ سوچ کہ وہ ہٹلر اور نازیوں کی طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر کے کشمیری عوام کو زیر کر سکتی ہے اس کی سب سے بڑی بھول ہے۔ ہم خون کے آخری قطرے تک تک اپنے کشمیری بھائی بہنوں کا ساتھ دینگے اور آج کے دن میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کے پاکستانی حکومت کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کبھی نہیں چھوڑے گی اور بھارتی حکومت کا گھناؤنا چہرہ بار بار اقوام عالم کے سامنے لے کر آئے گی۔ میں ہر عالمی فورم اور عدالت میں کشمیر کا مقدمہ لڑوں گا۔