Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

گوادر کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف

گوادر کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد:   وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غزہ کی تعمیر نو کے مرحلے میں اپنا ہرممکن کردار ادا کرے گا،گوادر پاکستان کی ترقی کےلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپور ٹ کا افتتاح خوش آئند ہے،اخلاص،محنت اور ٹیم ورک سے پاکستان کی معیشت کومستحکم بنائیں گے۔

منگل کووفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں بڑی خونریزی اور تباہی کے بعد 42 دنوں کےلئے جنگ بندی ہوئی ہے، دعا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل ہو،50ہزار سے زیادہ فلسطینی مائیں، بہنیں، بزر گ ، بچے ، نوجوان ، انجینئرز اورڈاکٹرز اس میں شہید ہوئے اور شہروں کے شہر تباہ ہوئے،پاکستان نے اپنے فلسطینی بھائیوں کی آزادی اورغزہ میں جنگ بندی کےلئے بھرپور آواز اٹھائی ہے، ہم نے فلسطینیوں کی امداد اورریلیف کےلئے اپنا حصہ ڈالا، تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہونے پر اپنا ہرممکن کردار ادا کریں گے، یہ ہمارا فرض ہے جسے اللہ کی رضا کےلئے پورا کریں گے۔

وزیراعظم نے گوادر ایئرپورٹ کے باضابطہ آپریشنل ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ چین کی 230ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا ، گوادر ایئرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ایئر پورٹ شمار ہوتا ہے اگر یہ کمرشل بنیادوں پر آپریٹ ہوتا ہے توبلوچستان اور پاکستان کی معیشت کےلئے بے حد اہم ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ پاکستان دشمنی پر اترے ہوئے اور قتل وغارت کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں انہیں یہ بات جان لینی چاہئے کہ اس قتل وغارت سے نہ صرف بلوچستان کے عوام کا نقصان ہورہا ہے بلکہ یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ بھی صریحاً دشمنی ہے، چین جیسا دوست جس نے اپنے وسائل سے پاکستان کو یہ تحفہ دیا ہے، کی قدر کرنی چاہئے، کراچی کی بندرگاہ پہلے ہی بہت مصروف ہے اور وہاں آمدورفت کا بہت بوجھ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر پاکستان کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے۔ وزیراعظم نے عالمی بنک کے طویل المدتی شراکت داری فریم ورک کو خوش آئند قرار دیا جس کے تحت آئندہ دس سالوں میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور سماجی شعبے کےلئے اس قرضے سے ہماری سماجی شعبے کی معیشت کو تقویت ملے گی، ہمیں اس کا خیرمقدم کرنا چاہئے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، دسمبر2024 میں برآمدات سب سے زیادہ (348 ملین ڈالر) رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے آئی ٹی کی وزارت اورمتعلقہ حکام کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آئی ٹی کے شعبے میں مزید آگے بڑھنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشی اشاریے خوش آئند اور اس بات کی علامت ہیں کہ ہم محنت ، اخلاص اور ٹیم ورک سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔

انہوں نے توانائی کی وزارت کوالیکٹرانک گاڑیوں کے حوالے سے جامع پروگرام پربھی شاباش دی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال حجاج کرام کو زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اوران کا بہترین طریقے سے خیال رکھا جائے گا اور رہنمائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے خاتمہ کےلئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی جتنی بھی تعظیم کی جائے کم ہے، قوم ان قربانیوں کا قرض نہیں چکا سکتی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More