اورماڑہ(نیوز پلس) بحری امور کے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج اوماڑہ بلوچسان کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑہ میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ بلوچ طلبا کو معیاری تعلیم کی مفت فراہمی خوش آئند ہے، اور پاکستان بحریہ کا کردار قابل تعریف ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی کی جانب سے یوم والدین کے موقع پر پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اوماڑہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہمان خصوصی کی آمد پر کالج کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا-تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر علی زیدی نے تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں اعزازات تقسیم کیے۔ ترجمان کے مطابق تقریب میں کالج کیڈٹس کی جانب سے مارشل آرٹس، جمانسٹکس اور رائفل ڈرل کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں کیڈٹس کے والدین، سول اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔