Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

کراچی: گل پلازا میں آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق، 30 زخمی، 56 سے زائد لاپتا

کراچی: گل پلازا میں آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق، 30 زخمی، 56 سے زائد لاپتا

کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازا میں رات گئے لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق اور 30 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ 56 سے زائد افراد کے تاحال لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آگ کے باعث عمارت کے دو حصے منہدم ہوگئے، جس سے ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ رات تقریباً سوا دس بجے لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ فائر بریگیڈ کی 20 سے زائد گاڑیوں، چار اسنارکلز اور متعدد واٹر باؤزرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا ہے۔ عمارت کی خستہ حالت کے باعث فائر فائٹرز کو اندر داخل ہونے میں دشواری کا سامنا رہا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال، جناح اسپتال اور مختلف برنس و ٹراما سینٹرز منتقل کیا گیا، جبکہ متعدد افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

کمشنر کراچی کے مطابق آگ پر 90 فیصد تک قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گل پلازا میں تقریباً 1200 دکانیں قائم تھیں اور واقعے کی اصل وجہ کولنگ مکمل ہونے کے بعد تحقیقات میں سامنے آئے گی۔

ایدھی فاؤنڈیشن اور سی پی ایل سی کی جانب سے لاپتا افراد کے لواحقین کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ، میئر کراچی اور دیگر سیاسی و حکومتی شخصیات نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

حکام کے مطابق ریسکیو اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمارت سے ملبہ ہٹایا جائے گا، جس کے بعد لاپتا افراد سے متعلق صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More