اسلام آباد (نیوز پلس) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے روزگار اور دیگر مسائل حل کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، نوجوانوں کو بلا سود اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔سماجی رابطے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے لئے 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، ہمارے نوجوان قوم کا روشن مستقبل اور ملک کو عظیم تر بنانے کی امید ہیں، نوجوانوں کی معاشی فلاح، ترقی اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے کیلیئے کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان استحصالی نظام کے خلاف عمران خان کا ہر اول دستہ بن کر ابھرے، نوجوانوں نے قریہ قریہ نگرنگر تبدیلی کا پیغام پہنچایا، خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کیلئے 25 فیصد کوٹہ بھی شامل ہے، خواتین کو با اختیار بنا کر ترقی یافتہ اقوام کے مقابلے میں لانا وزیراعظم کا وژن ہے۔