چیمپیئنز ٹرافی ، یو اے ای نیوٹرل وینیو، پی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کر دیا
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے میچز یو اے ای میں ہوں گے،ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ
شیڈول کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں میچ سے ہوگا
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین میچ 23فروری 2025 ء کو دبئی میں کھیلا جائے گا
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچز کے لیے یو اے ای کو نیوٹرل وینیو کے طور پر فائنل کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق 2027ء تک ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں جاکر نہیں کھیلیں گی بلکہ ان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا ایونٹ آئندہ برس پاکستان میں شیڈول ہے، گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کا اعلان جلد ہوجائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول بھی سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں میچ سے ہوگا۔ جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین میچ 23فروری 2025 ء کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔