اسلام آباد (نیوز پلس)وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سربراہ اور دیگر 2 اراکین کے تقرر کا نوٹفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر 5 سال تک اپنے عہدے پر رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 48 کے ساتھ 213 اور 215 پر عمل کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکندر سلطان راجا کو بطور چیف الیکشن کمشنر تعینات کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت 5 سال ہوگی اور اس پر عملدرآمد دفتری امور سنبھالنے کے دن سے ہوگا۔اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کے دیگر 2 اراکین سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔