چیئرمین پی سی بی کا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ کی فاتح قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب، 1 کروڑ انعام
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے پر بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام دیدیا۔بدھ کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنا خصوصی مہمان بنایا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا جبکہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک بھی دیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ آپ کی جیت پاکستان کی جیت ہے، آپ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ جیتنے سے ڈبل مزہ ہوگیا، تھوڑے وقت میں چیزیں بہترکرنے کی کوشش ہے، بلائنڈ ٹیم کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور کپتان نثار علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیئرمین محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بنگلادیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ اپنے نام کیا۔