اسلام آ باد (نیوز پلس) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور مولانا عبدالغفور حیدری درمیان آج شام ہونے والے مذاکرات منسوخ۔رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدا لغفور حیدری نے قائم مقام صدر صادق سنجرانی کو فون کرکے آج شام ہونے والی ملاقات کی منسوخی سے آگاہ کیا ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام صورتحال سے صادق سنجرانی کو آگاہ کر دیا ہے، اُمید ہے صادق سنجرانی جلد رہبر کمیٹی سے رابطہ کریں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) مولانا غفور حیدری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی جس کا اجلاس 22 اکتوبر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن رہنماوں سے مشاورت کے بعد مذاکرات کا اختیار رہبر کمیٹی کو دیا ہے۔یادرہے کہ جے یو آئی (ف) نے حکومت سے مذاکرات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم درانی، مولانا عطاء الرحمٰن اور سینیٹر طلحہ محمود شامل تھے۔دوسری جانب حکومتی کمیٹی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، اسد عمر، چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل تھے۔