Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبردار ہونے کی پیشکش

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کھیلنے والی ٹیمز میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبردار ہونے کی پیشکش کردی۔

اس بارے میں پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بورڈ کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو آپشن دیا گیا ہے کہ اگر وہ ٹورنامنٹ دستبردار ہونا چاہیں تو ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام فرنچائزز سے رابطے میں ہیں جیسے ہی اس حوالے سے کوئی بات سامنے آئے اسے میڈیا کو فراہم کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ، احتیاطی تدابیر اور ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری ہے اور آج کا میچ بھی منعقد کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا تھا۔

ایک روز قبل ہی حکومت سندھ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کی وجہ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز شائقین کے بغیر منعقد کروانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہ پاکستان میں اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے کے 21 کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سب سے زیادہ 15 کیسز صوبائی دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھتے ہیں۔

گزشتہ برس چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا وائرس دنیا کے 119 ممالک تک پہنچ چکا ہے اور اب تک اس وائرس کے باعث 4 ہزار 700 انسانی زندگیوں کے چراغ گل جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے۔

وائرس کے اس بڑے پیمانے پر اتنی تیزی سے پھیلاؤ کے باعث عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اسے عالمی وبا قرار دیا جاچکا ہے۔

علاوہ ازیں دنیا کے کئی ممالک میں اس کا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں سفری پابندیاں تعلیمی اداروں کی بندش حتیٰ کے شہروں کا لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب عالمی معیشت بھی اس وائرس سے بری طرح متاثر ہوئی ہے اور دنیا کی بڑی اسٹاک مارکیٹس بھی وائرس کے اثرات اور بے یقینی صورتحال کے باعث بحران کا شکار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More