پہلا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 5 وکٹوں پر 346 رنز بنالیے
ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری،عامر جمال کی 2، شاہین،خرم اور فہیم کی ایک ایک وکٹ
پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے دن کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز سکور کرلیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا، 126 رنز پر ڈیوڈ وانر کو شاہین آفریدی نے آوٹ کرتے ہوئے پوویلین پہنچایا اور میچ کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
اس کے بعد آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 159 رنز پر فہیم اشرف نے مارنس لبوشین کو 16 رنز پر آؤٹ کرکے گرائی۔ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 4 چھکوں اور 16 چوکوں پر مشتمل 164 رنز کی اننگ کھیلی، وہ عامر جمال کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔سٹیو سمتھ 31 اور ورلڈکپ فائنل میں بھارت کیخلاف یادگار اننگ کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔پاکستان کے لیے عامر جمال نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک،ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔اس سے قبل عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔بابر اعظم کو 50واں ٹیسٹ کھیلنے پر کپتان نیکیپ اور یادگاری شیلڈ دی گئی۔
قومی ٹیم نے چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کیلئے کھیلی جارہی ہے۔