لاہور (نیوز پلس)صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے میاں نواز شریف کی ضمانت پر معززعدالت، وکلا اور اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف شدید بیمار ہیں، ان کی ضمانت پوری قوم کیلئے خوشی کی لہر ہے۔ ہم سب اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ پوری قوم سے درخواست ہے کہ نواز شریف کی صحت کیلئے دعا کریں۔ عدالت عالیہ، وکلا اور ان ساتھیوں کا شکریہ جنہوں نے میری اس معاملے میں مدد کی۔شہباز شریف نے کہاکہ گزشتہ روز تک میاں نواز شریف کے مرض کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی لیکن اس چیز کی تسلی ہو چکی ہے کہ انھیں نہ تو ڈینگی کی شکایت ہے اور نہ ہی دل کی تکلیف کیلئے جو دوائی لیتے تھے اس کا کوئی عمل دخل ہے۔صدر پی ایم ایل کا کہنا تھا کہ پیر کے روز مریم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی، میری پوری قوم سے دعا ہے کہ وہ ان کی رہائی کیلئے بھی دعا کریں۔