پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، آئی ایس پی آر
بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ترجما ن پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گوادر، تربت اور بشام میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم چینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر اور تربت میں ہونے والی دہشتگردی کی پہلی دو کوششوں کو سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے ناکام بنایا، لیکن بشام میں ہونے والے حالیہ حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، پوری قوم اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے۔،
بیان میں ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اسٹریٹجک منصوبوں اور حساس مقامات کو ہماری ترقی کو روکنے اور پاکستان اور اس کے اسٹریٹجک اتحادیوں اور شراکت داروں خاص طور پر چین کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا بعض غیر ملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد اور انکی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔ یہ عناصر مسلسل دہشت گردوں کے سرپرست کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناونی کارروائیاں پاکستانی عوام، اس کی سیکورٹی فورسز اور ہمارے شراکت داروں کے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر واحد ملک ہے جو پوری استقامت اور مکمل عزم کے ساتھ بین الاقوامی دہشت گردی کا براہ راست مقابلہ کر رہا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دہشت گردی کی براہ راست یا بالواسطہ مدد کرنے میں ملوث تمام افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔