پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
350 کلومیٹر رینج والا میزائل سسٹم زمینی و سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کیساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے،آئی ایس پی آر
صدر وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کی کامیاب میزائل تجربے میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد
راولپنڈی: پاک بحریہ نے بحری جنگی جہاز سے مقامی طور پر تیار کیے گئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 350 کلومیٹر رینج والا میزائل سسٹم زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کیساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ نظام جدید ترین نیویگیشن سسٹم کے ساتھ اپنی سمت اور رفتار کو تبدیل کرنے کی خصوصیات سے لیس ہے۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے سینیئر افسران،سائنسدانوں اور انجینیئرز نے تجربے کا مظاہرہ دیکھا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربے میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔