پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ
تجربہ پاک بحریہ کے مؤثر دفاعی صلاحیت کے مضبوط عزم کی عکاس ہے ، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ( خاور عباس شاہ) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاکستان بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں سطحِ آب سے فضا تک مار کرنے والے جدید میزائل FM-90N ER کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائیو ویپن فائر کے دوران پاک بحریہ کے جنگی جہاز نے نہایت مہارت کے ساتھ تیز رفتار اور سمت بدلنے والے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی مضبوط دفاعی صلاحیت، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کا واضح ثبوت ہے۔ لائیو فائر پاور مظاہرے کے دوران بحریہ کے افسران اور جوانوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ نے سمندر میں موجود فلیٹ یونٹ پر سوار ہو کر میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے مشق میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بحریہ ہر حال میں اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔
