پاکستان کے مسائل صرف سیاسی قوتیں ہی حل کر سکتی ہیں، آصف علی زرداری
حب کا بجٹ یہاں نظر نہیں آتا شاید دوستوں کی جیب میں نظر آتا ہو، آپ کو بلوچستان کا حق دلائیں گے، جلسہ سے خطاب
سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل صرف سیاسی قوتیں ہی حل کر سکتی ہیں اور جمہوریت پر چلنے سے مسائل حل ہوں گے، حب کا بجٹ یہاں نظر نہیں آتا شاید دوستوں کی جیب میں نظر آتا ہو، آپ کو بلوچستان کا حق دلائیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ حب کے دوستوں کو سلام پیش کرتا ہوں، حب کو کراچی جیسا ہونا چاہیے، حب کراچی سے ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے، یہاں ہسپتال بھی ہونے چاہئیں، حب میں پانی کی سہولت، کالج اور یونیورسٹیاں ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ حب کا بجٹ یہاں نظر نہیں آتا شاید دوستوں کی جیب میں نظر آتا ہو، آپ کو بلوچستان کا حق دلائیں گے، بلوچوں کو ان کی دھرتی کا حق دلوائیں گے، ہم حب کو بڑھانے اور چلانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے، امن و امان بہتر کریں تو کراچی کے سرمایہ کار کراچی آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں لیکن کبھی لڑنے اور ہتھیار اٹھانے کی بات نہیں کی، جو بھٹکے ہوئے ہتھیار اٹھاتے ہیں انہیں سمجھائیں، پاکستان کے مسائل صرف سیاسی قوتیں ہی حل کر سکتی ہیں، جمہوریت پر چلنے سے مسائل حل ہوں گے۔