Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان کی سوڈان میں عالمی امن اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت

پاکستان کی سوڈان میں عالمی امن اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت

پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن اہلکاروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کام جاری رکھے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد :(خاور عباس شاہ)  پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی عبوری سیکیورٹی فورس برائے ابیئی (UNISFA) کے تحت خدمات انجام دینے والے بنگلا دیش کے 6 امن اہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اس افسوسناک واقعے پر بنگلا دیش کی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکار دنیا بھر میں تنازعات کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور عالمی امن کے فروغ کے لیے صفِ اول میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان نے امن و استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان بلیو ہیلمٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور اس بزدلانہ حملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن اہلکاروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More