پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، وزیر خزانہ
آئی ٹی برآمدات میں اضافے سے پاکستان کو اپنی روایتی برآمدات کی بنیادوں کو وسیع کرنے میں مدد ملی ہے
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،فری لانسرز کی تیسری بڑی آبادی کا پاکستان سے ہونا ہماری خوش قسمتی ہے،آئی ٹی کے ہمہ گیر فوائد سے مستفید ہونے کے لیے آئی ٹی کا افقی طور پر پھیلا یقینی بنانا ہو گا،آئی ٹی برآمدات میں اضافے سے پاکستان کو اپنی روایتی برآمدات کی بنیادوں کو وسیع کرنے میں مدد ملی ہے۔
ان خیالات کااظہاروفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ اکنامک فورم میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں نئی ٹینالوجیز کے کردار پر ایک اعلی سطحی مذاکرے سے بطور پینلسٹ خطاب کرتے ہوئے کیا۔مذاکرے کا اہتمام ورلڈ اکنامک فورم کے سنٹر فار رائٹس، ٹریڈ اینڈ جیو پالیٹکس کے زیر اہتمام کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان میں آئی ٹی کے حوالے سے عمودی طور پر بہت ترقی ہوئی ہے، فری لانسرز کی تیسری بڑی آبادی کا پاکستان سے ہونا ہماری خوش قسمتی ہے، آئی ٹی شعبے میں بہترین ایکو سسٹم، مضبوط انفراسٹرکچر، بینڈ وڑتھ، بنکنگ آپشنز، پالیسی فریم ورک اور پالیسی تسلسل کی فراہمی اولین ترجیح ہے پاکستان ڈیجیٹل ایف ڈی آئی انشی ایٹو کا نفاذ کرنے والا پہلا ملک ہے،آئی ٹی کے ہمہ گیر فوائد سے مستفید ہونے کے لیے آئی ٹی کا افقی طور پر پھیلا یقینی بنانا ہو گا، پاکستان ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ انیشی ایٹو سے اس سمت بڑھنے میں مدد ملے گی آئی ٹی شعبے کے شراکت داروں کی مشاورت سے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل اڈاپشن اور نئی ڈیجیٹل سروسزکے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں
پاکستان کی ماہانہ آئی ٹی برآمدات دسمبر میں 384 ملین ڈالرز کا ریکارڈ سطح پر رہیں،آئی ٹی برآمدات میں اضافے سے پاکستان کو اپنی روایتی برآمدات کی بنیادوں کو وسیع کرنے میں مدد ملی ہے ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او)کے تعاون اور مدد سے آئی ٹی شعبے کو مضبوط بنایا جائے گاسپیشل ٹیکنالوجی زونز کوآپریشنلائز کیا جائے گا،نجی شعبے کو ملک کی معاشی ترقی کا رہبر بنایا جائے گا، نجی شعبے میں نوکریوں کے مواقع پیدا کریں گے، ابوظہبی کی ڈی پی ورلڈ اور ابوظہبی پورٹس نے پاکستان میں جہاز رانی اور بندرگاہوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ہے پاکستان ان کمپنیوں کے ساتھ مل کر کسٹمز میں سیکیورٹی اور فعالیت کو بہتر و مضبوط بنائے گا۔
مذاکرے میں نئی ٹیکنالوجیز بشمول اے آئی کے استعمال سے تجارت میں انقلاب آفرین تبدیلیوں اور سرمایہ کاری کو درست اور منافع بخش بنائے جانے پر بحث کی گئی تجارت، فنانس اور سرمایہ کاری سے متعلق آئی ٹی جدتوں کی تیاری اور ان جدتوں کے عالمی منڈیوں میں بھرپور اور سود مند استعمال پر بھی گفتگو ہوئی مذاکرے میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے بیرونی تجارت ثانی احمد الزوئیدی، ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او)کی سیکرٹری جنرل دیما الیحی اور مخلتف عالمی کمپنیوں کے سی ای اوز شریک ہوئے۔