اسلام آباد(نیوز پلس) پاکستان کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے تنظیم کا ایک بار پھر ایگزیکٹیو کونسل کا ممبر منتخب ہوگیا ہے۔ ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کا دوبارہ انتخاب او پی سی ڈبلیو کے کردار کو مستحکم کرنے اور اہداف کو فروغ دینے میں عزم کی گواہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے تنظیم کا ایک بار پھر دو برس کیلئے ایگزیکٹیو کونسل کا ممبر منتخب ہوگیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق 25 سے 29 نومبر کو ہیگ میں منعقدہ کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کی اسٹیٹس پارٹیز کی کانفرنس میں پاکستان کی تائید کی گئی۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کنونشن کے مقاصد اور مقاصد کے فروغ کیلئے مستقل کوششیں کرتا رہا ہے اور 1997ء سے او پی سی ڈبلیو ایگزیکٹو کونسل کے ممبر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ پاکستان اپنی اعلان کردہ کیمیائی صنعتوں کیلئے او پی سی ڈبلیو کے معمول کے معائنے کی میزبانی کرتا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کا دوبارہ انتخاب او پی سی ڈبلیو کے کردار کو مستحکم کرنے اور اہداف کو فروغ دینے میں عزم کی گواہی ہے۔