اسلام آباد(نیوز پلس) پاکستان نے بالا کوٹ میں دہشتگردوں کے کیمپوں سے متعلق بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ بھارت جھوٹ کا سہارا لیکر کشمیریوں پر ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے بیانات کا سہارا لے رہا ہے، بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے اور ریاستی دہشت گردی کو چھپانے میں کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی اقدامات خطے کے امن اور استحکام کیلئے خطرہ ہیں، عالمی برادری کو بھارت کو ماحول مزید کشیدہ کرنے والے اقدامات سے روکنا ہوگا۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے کی مہم کامیاب رہی، 50 سے زائد ممالک نے مشترکہ اعلامیے میں کشمیر سے کرفیو ہٹانے، پیلٹ گن کا استعمال ترک کرنے اور حریت رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کامیاب مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے پیغامات کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیومن رائٹس کونسل کا اعلامیہ ارکان کی مشترکہ آواز ہے۔ترجمان کے مطابق ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں کوئی ووٹنگ نہیں ہوئی، ایسی تمام قیاس آرائیاں جھوٹی ہیں، پاکستان کی کوششوں سے ہیومن رائٹس کونسل میں کشمیر کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی کشمیر کے معاملے کو اسی طرح اجاگر کرے گا۔