اسلام آباد (نیوز پلس ) پاکستان نے بھارت سے اس کی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے ایک اعلیٰ سفارتکار کو اتوار کے روز دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن کے رکھ چکری سیکٹر میں قابض بھارتی فوج کی اس اندھا دھند اور بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا جس کے نتیجے میں ایک ا نیس سالہ لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے اس سال کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے دوہزار 158 واقعات میں17 شہریوں کو شہید اور168 کو شدید زخمی کیا۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی قانون کی یہ اشتعال انگیز خلاف ورزیاں کنٹرول لائن پر صورتحال کشیدہ کرنے کے حوالے سے بھارت کی مسلسل کوششوں کا مظہر اور علاقائی امن و استحکام کےلئے خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن اورورکنگ باونڈری پر کشیدگی بڑھا کر اپنے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارت پر اس بات کےلئے بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپناکردار ادا کرنے دے۔