اسلام آباد (نیوز پلس)پاکستان سمیت آج دنیابھرمیں اقلیتوں کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایا جارہا ہے۔اس موقع پرمسیحی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 11اگست کا دن قومی کیلنڈر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن قائد اعظم محمدعلی جناح ؒ کے تصورات کے مطابق تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں لانے کی کوششوں کاآغاز کیاگیا۔اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے کیونکہ وہ معاشرے کا اہم ستون ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک قوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا نہیں کرتی۔انہوں نے قوم پر کسی تعصب کے بغیر معاشرے میں بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کیلئے اپنے عزم کی تجدید کرنے پر زور دیا۔صدر نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے اس پیغام کو اجاگر کرنا ہے جسکے تحت تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔