Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان کان کنی کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کیلئے اسٹریٹجک طور پر تیار ہے، اسحاق ڈار

پاکستان کان کنی کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کیلئے اسٹریٹجک طور پر تیار ہے، اسحاق ڈار

 پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے، نائب وزیر اعظم کا خطاب

سرمایہ کاری کیلئے قوانین کو آسان بنایا جارہا ہے، علی پرویز ملک ۔۔۔ 95 فیصد وسائل دریافت نہیں کیے جا سکے، جام کمال

ریکوڈک پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا، مارک بیرسٹو کا خطاب

 اسلام آباد:   نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 (پی ایم آئی ایف 25) میں پاکستان کان کنی کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کے لیے اسٹریٹجک طور پر تیار ہے۔پاکستان کی میزبانی میں 2 روزہ پاکستان منرلز ایوسٹمنٹ فورم کا آغاز اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ہوا، اس اعلیٰ سطح کی اس تقریب میں پاکستان اپنے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کان کنی اور معدنی سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے ایک مربوط فریم ورک کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، فورم میں تقریباً 300 غیر ملکی مندوبین کی شرکت کا بتایاگیا ہے۔پی ایم آئی ایف 25 پاکستان کے ابھرتے ہوئے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور ملک کے وسیع معدنی امکانات کو کھولنے کے لیے عالمی اسٹیک ہولڈرز کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

اپنے افتتاحی کلمات میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں ریکوڈک جیسے قیمتی ذخائر موجود ہیں، ملک میں نایاب زمینی عناصر، صنعتی معدنیات، غیر دھاتی اور قیمتی پتھروں کے وسیع وسائل بھی موجود ہیں، جن میں پیریڈوٹ اور زمرد شامل ہیں۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کے وسیع امکانات کے ساتھ پاکستان کی ریسورس کوریڈور عالمی سپلائی چین کو نئی شکل دینے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ حکومت نے ترقی پسند پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاروں پر مرکوز اقدامات کے ذریعے کان کنی کے شعبے کی تذویراتی ترقی کو ترجیح دی ہے، اور ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کی بنیاد رکھی ہے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قدر فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری فورم اسٹیک ہولڈرز، شراکت داروں اور دوست ممالک کو نئے امکانات تلاش کرنے اور باہمی فائدہ مند شراکت داری قائم کرنے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے باور کرایا کہ حکومت کی کوششوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے قوانین کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے زور دیا کہ معدنی وسائل کے حوالے سے بلوچستان کو خاص اہمیت حاصل ہے، حکومت پاکستانی معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پر عزم ہے، انہوں نے مختلف معدنیات کی موجودگی کے حوالے سے اعداد و شمار بھی بتائے۔وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے بلوچستان میں معدنیات کا بہت زیادہ پوٹینشل ہے، سیکیورٹی کیحوالے سے بھی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ فورم میں شرکت کرنے وا لوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے معدنیات کے فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے اور سرمایہ کاروں کو کاروبار میں آسانی فراہم کرنے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں سے مختلف قسم کی تقریباً 90 معدنیات حاصل کی جا رہی ہیں، اس شعبے کو مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان منرلز سے مالامال ہے اور اس میں بے شمار معدنیات موجود ہیں جو کوالٹی کے اعتبار سے بھی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ بہتر ہیں۔

جام کمال نے کہا کہ پاکستان کے 95 فیصد وسائل ابھی تک دریافت نہیں کیے جا سکے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا آئے اور ان وسائل کو دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ موثر طور پر استعمال بھی کرے، پاکستان میں لیتھیئم، کاپر، سلور، سونے، چاندی، ایلومینیئم اور دیگر دھاتوں کے وسیع ذخائر موجود ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک ہے جس کا ثبوت یہاں موجود سینکڑوں بین الاقوامی کمپنیاں ہیں جو اپنے اپنے آپریشنز کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کو بڑھانا بھی چاہ رہی ہیں۔

ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے ان ممالک میں سے ہے جہاں کارپوریٹ سیکٹر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور حکومت پاکستان بھی نجی سرمایہ کاروں کی ہمیشہ سے حوصلہ افزائی کرتی آ رہی ہے۔

جام کمال نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مزید بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کے اس شعبے میں سرمایہ کاری کرکے اس شعبے کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں، پہلے سے پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں اپنے آپریشنز کو وسعت دینا چاہ رہیں اور اس میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔

سی ای او بیرک گولڈ، مارک بیرسٹو نے اسلام آباد میں منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان معدنی وسائل کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے، ریکوڈک پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کرداراداکریگا۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کاحصول صنعت کے لیے بہت ضروری ہے، معدنی ذخائر کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More