اسلام آباد (نیوزپلس) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 1970 کے انتخابات کے علاوہ تمام الیکشن پر دھاندلی کے الزامات لگے ۔ہم ملک میں ایسے الیکشن کروائیں گے جس کے نتائج سب قبول کریں گے۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں وراثتی سرٹیفکیٹ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وزارت قانون پر بہت دباؤ ہے، ہم بھی شکایت کرتے ہیں کہ وزارت قانون میں فائل جاتی ہے تو پتا نہیں چلتا کہاں گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عدالتوں میں آدھے کیسز زمینوں کے ہوتے ہیں، فائل گم ہو جاتی ہے، زمینوں کی فائلوں کو آگ لگ جاتی ہے، تمام ریکارڈ جل جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپ کو پکڑتے ہیں تو وہ عدالت سے ضمانت پر باہر آ جاتے ہیں، سزا اتنی کم ہے کہ کسی کو ڈر نہیں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگست تک اسلام آباد کا تمام لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہو جائے گا۔