پاکستان – ایران کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پردستخط
ان میں فری ٹریڈ ایگریمنٹ، فضائی سلامتی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سیاحت، ثقافت، میٹرولوجی، عدالتی اصلاحات و دیگر شامل ہیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 12 دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا جن میں سرفہرست پلانٹ پروٹیکشن اور پلانٹ کو رینٹائن کا معاہدہ تھا۔ ایران کے وزیر معدنیات، صنعت وتجارت محمد آتابک اور وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

پاکستان اور ایران نے میر جاوے تافتان بارڈر گیٹ کے باہمی استعمال کے معاہدہ کی دستاویزات کا تبادلہ ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر نے کیا۔ اس موقع پر ایران کے پاردیز ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے مابین سائنس ٹیکنالوجی اور ایجادات کے حوالہ سے اشتراک کیلئے ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کیا۔

مزید برآں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اشتراک کار کیلئے ایم او یو دستاویزات کاتبادلہ ایران کے وزیر معدنیات، صنعت وتجارت محمد آتابک اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شیزہ فاطمہ خواجہ کے مابین ہوا۔ اسی طرح کلچر اینڈ آرٹ، سیاحت، سائنس، تعلیم، ٹیکنالوجی، صحت اور فیملی افیئرز، ماس میڈیا اور سپورٹس کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ایکسچینج پروگرام کی دستاویزات کا تبادلہ وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ محمد اورنگزیب خان کھچی اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کیا۔


پاکستان اور ایران کے میٹرولوجیکل کے اداروں میں باہمی تعاون کے ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ایران کے وزیر محمد آتابک نے کیا۔میری ٹائم سیفٹی اینڈ فائر فائٹنگ کے شعبہ میں ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ ایران کی وزیر برائے روڈز واربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق اور وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کیا۔
تقریب کے دوران کریمنل معاملات میں جوڈیشل اسسٹنس کے حوالہ سے ایم او یو کی دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا گیا او ر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اسی طرح 2013 کے ایم او یو برائے فضائی خدمات ایگری منٹ کے ضمنی ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ سیکرٹری وزارت دفاع لیفیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور ایران کی روڈ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کی وزیر فرزانہ صادق نے کیا۔
مزید برآں پاکستان اور ایران نے ایران کی نیشنل سٹینڈرڈز آرگنائزیشن اور پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے مابین مصنوعات کی رجسٹریشن اور انسپکشن، ٹیسٹنگ وغیرہ کے حوالہ سے ایم او یو پر عملدرآمد کی دستاویزات کا تبادلہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم نے کیا۔
سیاحت کے شعبہ میں سال 2027-2025 کے دوران باہمی تعاون پر عملدرآمد کے حوالہ سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و بین الصوبائی رابطہ رنا ثنا اللہ خان اور ایران کی وزیر فرزانہ صادق نے دستاویزات کا باہمی تبادلہ کیا۔ تقریب کے آخر میں آزادانہ تجارت کے معاہدہ کے حوالہ سے بین الوزارتی بیانیہ کی دستاویزات کا تبادلہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کے وزیر محمد آتابک نے کیا۔
