Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبہ جات میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبہ جات میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح………… پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا، چینی وزیراعظم لی چیانگ

پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے، دونوں ملکوں کی تذویراتی شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے، خطاب

پاکستان اور چین نے صنعت، زراعت اور تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ملکوں کے درمیان نئے باب کااضافہ ہے، شہبازشریف

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب لی کیانگ کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبہ میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردئیے گئے جبکہ وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا۔

پیر کو چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ، نائب وزیراعظم اسحق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال ودیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس آمد پر لی چیانگ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی چینی وزیراعظم لی چیانگ کا پرتپاک استقبال کیا، چینی وزیراعظم نے گرمجوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔

 

شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔وزیراعظم ہاؤس میں دونوں سربراہان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں ایم او یو پر دستخط کردیے گئے۔

 دونوں ممالک کے درمیان سی پیک ورکنگ گروپ، اسمارٹ کلاسز روم، گوادر پر ساتویں جوائنٹ ورکنگ گروپ، انسانی وسائل کی ترقی، اطلاعات اور مواصلات، آبی وسائل اور سلامتی کے شعبے میں ایم او یوز سائن کیے گئے اور وزرا و سیکریٹریزی نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

تقریب میں پاکستان اورچین کے درمیان غذائی تحفظ کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پیش کی گئی، دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ لیبارٹریوں کے قیام، پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا، کرنسی تبادلے کامواہدہ اسٹیٹ بینک اور پیپلزبینک آف چائنہ کے درمیان طے پایا۔تقریب کے دوران پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم نے گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، منصوبے کی تکمیل کے لیے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادرعلاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کابھی عکاس ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے، دونوں ملکوں کی تذویراتی شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے صنعت، زراعت اور تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ملکوں کے درمیان نئے باب کااضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں چین نے نمایاں کرداراداکیا، گودار انٹرنیشنل ایئرپورٹ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کامظہر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More