پاکستان اور ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز، ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے کل کراچی میں کھیلا جائے گا، ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔
ویسٹ انڈین ٹیم نے سیریز کے آغاز سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں بھی بھرپور جان ماری جبکہ پاکستان ٹیم کی صرف 5 کھلاڑیوں نے پریکٹس کی جن میں عالیہ ریاض، ندا ڈار، نتالیہ پرویز، سدرا نواز اور بسمہ معروف شامل تھیں۔
پریکٹس کے بعد ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی، دونوں ٹیموں کی کپتان ندا ڈار اور ہیلی میتھیوز سے ٹرافی کے ہمراہ ویڈیو اور تصاویر بنوائیں۔
کپتان ندا ڈار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیریز آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر سیریز ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کی بیٹر چھکے نہیں مارتیں، گزشتہ سیریز میں چھکے لگا کر کامیابی حاصل کی تھی۔
ویسٹ انڈیز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تجربہ کار ٹیم بن چکی ہے سیریرز اچھی ہو گی۔