پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ
افغانستان کے ساتھ سرحد بند ہونے کے بعد ہمارا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں کے ساتھ رابطے میں ہے، ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان کسی بھی ایک یمنی فریق کی جانب سے اٹھانے والے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے، معاملے پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، امید ہے یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں باہمی تعاون سے دیرپا حل کی جانب بڑھیں گی، اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کر نے کو مسترد کرتے ہیں،وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاک چین وزارت خارجہ کے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے،ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد: (خاور عباس شاہ) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے،پاکستان کسی بھی ایک یمنی فریق کی جانب سے اٹھانے والے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے، معاملے پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، امید ہے یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں باہمی تعاون سے دیرپا حل کی جانب بڑھیں گی، اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کر نے کو مسترد کرتے ہیں،وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاک چین وزارت خارجہ کے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے،افغانستان میں موجود پاکستانی شہریوں سے متعلق کابل میں سفارت خانہ طالبان حکام سے بھی رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی دونوں ممالک کے مابین جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے۔ پاکستان نے فہرستیں انڈین ہائی کمشنر کے حوالے کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سال میں 2 مرتبہ ان فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان یمن کی وحدت اور خودمختاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہے،پاکستان کسی بھی ایک یمنی فریق کی جانب سے اٹھانے والے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے۔ یمن کے معاملے پر سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اس معاملے میں مسئلے کے حل کے لیے سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں باہمی تعاون سے دیرپا حل کی جانب بڑھیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مرحومہ کے بیٹے سے ملاقات کی اور تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بنگلادیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر سے ملاقات بھی کی۔ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کیا گیا ہے، ہم اس کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان صومالیہ کی خودمختاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے معاملے پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے ساتھ ایک اعلامیہ بھی جاری کیا ہے، جس میں صومالی لینڈ کی مذمت کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو تبوک کے گورنر اور ازبکستان کے وزیر خارجہ نے ٹیلیفون کال کی جس میں دونوں ممالک کے مابین دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ازبکستان کے صدر کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ علاوہ ازیں صومالیہ کے وزیر خارجہ نے بھی فون کرکے اسحاق ڈار کا حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاک چین وزارت خارجہ کے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحد بند ہونے کے بعد ہمارا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہاکہ افغانستان میں موجود پاکستانی شہریوں سے متعلق کابل میں سفارت خانہ طالبان حکام سے بھی رابطے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ 1100 سے زائد پاکستانیوں نے کابل میں سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔
