Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

معاہدوں میں حلال تجارت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، اعلیٰ تعلیم، منشیات کے خلاف اقدامات اور صحت کے شعبے شامل

 اسلام آبا د:(نمائندہ خصوصی)   پاکستان اور انڈونیشیا نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں  جن میں حلال تجارت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، اعلیٰ تعلیم، منشیات کے خلاف اقدامات اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔یہ معاہدے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں کیے گئے جس میں انڈونیشیا کے صدر پرا بوو سوبیانتو اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔دونوں رہنماؤں نے تقریب کے دوران معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں کی دستاویزات کے تبادلے کا مشاہدہ کیا جبکہ فریقین کے متعلقہ وزراء نے دستخط شدہ معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتیں (ایم اویوز) باقاعدہ طور پر ایک دوسرے کے حوالے کیں۔

انڈونیشیا کی اعلیٰ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت اور پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے سرٹیفکیٹس اور ڈگریوں کی باہمی شناخت کے حوالے سے  معاہدے پر دستخط کئے گئے اس سلسلے میں پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور انڈونیشیا کے ہم منصب برائن یولیارٹو کے درمیان دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔پاکستان اور انڈونیشیا کی حکومتوں کے درمیان ”انڈونیشیئن ایڈ سکالرشپ پروگرام“کامعاہدہ بھی کیا گیا،

 انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سگیونو اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان اس سلسلے میں دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔حلال تجارت اور سرٹیفیکیشن کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ اور وزیر تجارت جام کمال خان کے درمیان ہوا۔قومی غذائی تحفظ کے وزیر رانا تنویر حسین اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے سہولت کاری اور کاروباری ترقی کے حوالے سے ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

قومی غذائی -تحفظ -وزیر رانا تنویر حسین

دونوں ممالک نے آرکائیوز میں تعاون کیلئے ایم او یو پر بھی دستخط کیے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سگیونو کے درمیان اس سلسلے میں دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام اور اس کے خلاف تعاون کے لیے ایم او یو پر دستخط اور دستاویزات کا بھی تبادلہ کیا۔صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ اور وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال کے مابین ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More