اسلام آباد(نیوز پلس) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کو جائز جدوجہد میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گی۔ بھارتی قیادت آر ایس ایس کے فاشسٹ نظریہ کو آگے لے کر چل رہی ہے۔عمران خان نے دنیا کو بھرپور طریقے سے مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا۔یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام انہوں نے مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ کشمیریوں کی زندگی بھارتی بربریت اور بہیمانہ مظالم سے بھر پور کہانی ہے۔ ظالم بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید جبکہ ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی۔ آرٹیکل تین سو ستر اور پینتیس اے کی منسوخی کے بعد مودی حکومت مظالم میں مزید آگے چلی گئی ہے۔ پانچ اگست کے بعد اسی لاکھ کشمیری وادی میں محصور ہیں۔ مواصلاتی روابط مکمل طور پر منقطع ہونے کے باوجود وہاں سے بھارتی ظلم و جبر کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔بھارتی قیادت آر ایس ایس کے فاشسٹ نظریہ کو آگے لے کر چل رہی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور عالمی برادری سے خطاب میں اقوام متحدہ اور عالمی رہنماں کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔