ویرات کوہلی کی ون ڈے انٹرنیشنل میں کیرئیر کی 47ویں سینچری، تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کیریئر کی 47ویں سنچری بھی داغ دی۔
پیر کو کولمبو میں کھیلے جارہے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف شاہین آفریدی کی بال پر 99 واں رن بنا کر ون ڈے کرکٹ کا بڑا سنگ میل عبور کیا اور اس سے اگلی بال پر انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 47ویں سنچری سکور کی۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے بھارت کے دوسرے اور دنیا کے پانچویں کرکٹر بن گئے ہیں،
اس سے قبل سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور سری لنکا کے سنتھ جے سوریا بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، ٹنڈولکر 18426رنز بنا کر سرفہرست ہیں، سنگاکارا 14234رنز بنا کر دوسرے، پونٹنگ 13704رنز بنا کر تیسرے اور جے سوریا 13430رنز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں، کوہلی نے 267 اننگز میں تیز ترین 13ہزار رنز مکمل کئے ہیں جبکہ ان سے قبل یہ اعزاز سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 321 اننگز میں 13 ہزار رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے 341 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیاتھا۔
بشکریہ: اے پی پی