ملتان (نیوز پلس)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع ملکی مفاد میں ہے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد مشاورت سے آگے بڑھیں گے،حکومت نے اس حوالے سے جو کچھ بھی کیا آئین میں رہتے ہوئے کیا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کابینہ سے مشاورت کی، موٗقف سنا جس کے بعد فیصلہ کیا کہ آرمی چیف کی مد تِ ملازمت میں توسیع ملکی مفاد میں ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے صورتِ حال کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا، عدالت نے نشاندہی کی کہ کچھ ابہام ہے جس کو دور کرنا ضروری ہے، قانون سازی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے، امید ہے اپوزیشن قانون سازی میں ساتھ دے گی۔شاہ محمودنے نے کہا کہ افریقی ملکوں سے متعلق دو دور وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوئے،وزارت تجارت کے 45 افسروں کی مختلف ملکوں میں تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی نے پاکستانی موٗقف کی تائید کی، بھارت سے مسائل اور خطے کی صورتِ حال سب کے سامنے ہے، بھارت نے کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، وہاں مساجد پر تالے لگے ہوئے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بابری مسجد کیس پر بھارتی عدالت کے فیصلے پر تشویش ہے، اس پر بھی او آئی سی نے ہمارے موٗقف کی تائید کی، پاک افواج بھارت کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔