جدہ (نیوز پلس)وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس ملاقات کے حوالے سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو بھارت کی جانب 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وادی میں جاری سفاکیت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچے اور سعودی ولی عہد سمیت سعودی اعلیٰ حکام کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے مختلف پہلوو?ں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران عمران خان نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی بھی مذمت کی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی تعلقات میں پائیدار تعلقات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔
قبل ازیں جدہ کے رائل ٹرمینل پر مکہ کے گورنر خالد الفیصل بن عبدالعزیز نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، اس موقع پر سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز، قونصل جنرل خالد مجید، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔