اسلام آ باد(نیوز پلس) وزیراعظم عمران خان تہران پہنچ گئے، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ائیرپورٹ پر ان کا پرتباک استقبال کیا. وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے جن میں دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات کے علاوہ خطے کے سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔عمران خان سعودی عرب اور ایران کے مابین کشیدگی کم کرانے کیلئے تبادلہ خیال کریں گے جبکہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق بھی ایرانی قیادت کو آگاہ کریں گے۔ یہ عمران خان کا ایران کا دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان رواں سال اپریل میں بھی ہمسائے ملک کا دورہ کر چکے ہیں۔ ایران کے دورے کے بعد وزیراعظم منگل کو سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے ساتھ تنازعات پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے درخواست کی تھی۔ اس دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی ہم منصب کے ساتھ ایک سے زائد ہونے والی ملاقاتوں میں سعودیہ، ایران کشیدگی کے خاتمے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ عمل میں آیا ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ نے ترک میڈیا کو اپنے دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران پاکستان کے مصالحتی کردار پر خیر مقدم کرتا ہے