وزیراعظم کی اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اوربلوچستان میں موبائل اسپتالوں کے اجراء کی ہدیات
محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس ، ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے ،اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان میں صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے موبائل اسپتالوں کے اجراء اور ملک میں جعلی ادویات کے خلاف صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون و مشاورت سے آپریشن کی ہدایات دی ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ و متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ جعلسازوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون سے دوا سازی شعبے کی ترقی اور بہتر ریگولیشن کیلئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈریپ میں دوا سازی کے شعبے میں جعلسازی کو سہولت کاری فراہم کرنے والے افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائے،دوا سازی کے شعبے میں تحقیق سے دوائوں کی برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں اچھی شہرت کے حامل متعلقہ تجربہ کار ماہرین کی میرٹ پر تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
بشکریہ: اے پی پی