لاہور (نیوز پلس) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بڑے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف بھرپور کریک ڈاون کرنے کی ہدایت جاری دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور حکومت مل کر جرم کا مقابلہ کر سکتے ہیں، افسران پر کوئی دباؤ آئے گا تو وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ایوان وزیراعلیٰ میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے آزادی مارچ سمیت اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بچوں کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے چھ ماہ کے اندر ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ جس کے رد عمل میں وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے واقعات افسوسناک ہیں بچوں کے ساتھ زیادتی کا سن کر شدید دکھ ہوا بچوں کے ساتھ زیادتی کے بارے میں آ گاہی مہم چلائی جائے اور ایسے واقعات سے بچاو کے طریقہ کار سے آ گاہ کیا جائے وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی الگ الگ ملاقات ہوئی۔ عثمان بزدار نے نواز شریف کی صحت، آزادی مارچ اور دیگر معاملات پر بھی انھیں بریف کیا۔گورنر پنجاب نے وزیراعظم کو بزنس پلان پر بھی بریفنگ دی۔ کارپوریٹ سیکٹر کو گورنر ہاؤس میں تقریبات کی اجازت دینے اور ہفتے کو بھی گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت لوکل گورنمنٹ بارے اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں ویلج، پنچایت اور نیبرہڈ کونسل کے الیکشن مارچ دو ہزار بیس میں ہوں گے جبکہ لوکل میونسپل کونسل اور تحصیل کونسل کے انتخابات مئی دو ہزار بائیس میں ہوں گے۔