اسلام آباد(نیوز پلس)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے کاروبارمیں آسانیوں سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی وزیراعظم نے تمام وزارتوں میں کاروبار سے متعلق عوامل آسان بنانے کیلئے متعلقہ اداروں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کر دی، انہوں نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ ہفتہ وار پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے ایس ایم ایز کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے اجازت نامہ و رجسٹریشن کو کمپیوٹرائزڈ بنانے پر کام جاری ہے، اس اقدام سے پروسیجرز کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز پالیسی فریم (2019-2024) تشکیل دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ موجودہ حکومت اداروں اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اداروں اور نظام میں جدت لانے کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جایئں، ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے، وزارت قانون کی مشاورت سے کنٹریکٹ انفورسمٹ کے معاملات پر توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ لینڈ ریونیو ریکارڈ کو مزید منظم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزارتوں میں کاروبار سے متعلق عوامل کو آسان ترین بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار کیلئے غیرضروری اجازت ناموں اور ریگولیشنز کو ختم کرنے پر کام تیز کیا جائے اور کاروبار میں آسانیوں سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔