اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم عمران خان نے 22 اکتوبر کو وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس کا 12 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کے آزادی مارچ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی۔ اس دوران کابینہ کا دورہ سعودی عرب میں پیش رفت پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور دفاعی امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا جبکہ کابینہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی اور عالمی حالات پر بات ہوگی اور مہنگائی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ قرضوں کی انکوائری کیلئے بنے کمیشن اورنیب کو انفارمیشن دینے کی منظوری دی جائے گی جبکہ سستے گھروں کیلئے 5 ارب روپے قرضے کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے ڈی جی کی تقرری اور پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے چیئرمین کی تقرری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ ارسا کے ممبر کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔