اسلام آباد(نیوز پلس)وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے تین نام تجویز کردئیے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے لیے تجویز کردہ ناموں میں بابر یعقوب، فضل عباس میکن، عارف خان کے نام شامل ہیں۔اس سے قبل اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کیے تھے۔یہاں یہ بات یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا آج پانچ سالہ آئینی مدت ملازمت پوری کرکے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔جبکہ دوسری جانب اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ سپریم کورٹ لے گئی ہے، عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ممکنہ آئینی بحران حل کرنے کیلئے مناسب فیصلہ کرے۔چیف الیکشن کمیشن کے تقرری کے معاملے پر ڈاکٹر بابر اعوان کہہ چکے ہیں کہ اگر بروقت تقرر نہ ہوا تو آ ئینی بحران پیدا ہو جائے گا اسی حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کے تقرر پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے تاہم اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ سپریم کورٹ لے چکی ہے۔