اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمودنے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید بن سلطان نے ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، اس ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔با خبرذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے سمیت مسئلہ کشمیر کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کے ساتھ ملاقات میں خطے میں سکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور یو این قراردادوں کے منافی ہیں۔وزیر خارجہ نے پاکستان کے اہم دورے پر آئے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے، خوراک اور ادویات میسر نہیں، بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ اس نے یکطرفہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی خصوص حیثیت تبدیل کی۔سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید بن سلطان اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوگی۔