ورلڈکپ2023: دفاعی چیمپیئن انگلینڈ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر
آئی سی سی ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو33 رنز سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی، دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم چھٹی شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، انگلش ٹیم 286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 49ویں اوور میں 253 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بین سٹوکس اور ڈیوڈمیلان کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آئیں، ایڈم زمپا نے 21 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ہفتہ کو احمدآباد میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 36ویں میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے غلط ثابت ہوا، آسٹریلوی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 286 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، مارنس لبوشین 71 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے، تراوس ہیڈ 11، ڈیوڈ وارنر 15، سٹیون سمتھ 44، جوش انگلس 3، کیمرون گرین 47،مارکس سٹوئنس 35، کپتان پیٹ کمنز اور مچل سٹارک 10،10 اور ایڈم زمپا 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کرس ووکس نے 4، مارک ووڈ اور عادل رشید نے 2، 2 ڈیوڈ ویلی اور لیام لیونگسٹون نے ایک، ایک وکٹ لی۔
جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 48.1 اوورز میں 253 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بین سٹوکس اور ڈیوڈ میلان کے سوا کوئی بھی بیٹر خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، سٹوکس 64 اور میلان 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، جونی بیئرسٹو صفر، جوروٹ 13، کپتان جوز بٹلر 1، معین علی 42، لیام لیونگسٹون 2، کرس ووکس 32، ڈیوڈ ویلی 15 اور عادل رشید 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ایڈم زمپا نے 3 جبکہ مچل سٹارک، جوش ہیزلووڈ اور پیٹ کمنز نے 2، 2 اور مارکس سٹوئنس نے ایک وکٹ لی۔
یہ آسٹریلیا کی میگا ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح جبکہ انگلینڈ کی چھٹی شکست ہے، آسٹریلوی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ انگلش ٹیم چھٹی شکست کے بعد آخری نمبر پر موجود ہے اور عالمی ٹائٹل کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی