وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کا فتنہ الخواج کے خلاف آپریشن، 25 دہشت گرد ہلاک، 4 جوان شہید
سیکیورٹی فورسز نے خبیرپختونخوا کے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 25 دہشت گردوں کو واصل جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبئہ تعلقات عامہ (ائی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوان شہید ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کیا گیا جس میں خوارج کا سربراہ ابوذر عرف صدام بھی مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن میں 11 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخواج اور اس وابستہ افراد کو دھچکا لگا۔
وزیراعظم کا ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وادی تیراہ،ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج،نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگرد خارجی لیڈران سمیت 25 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور گیارہ کو زخمی کرکے گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے افواج پاکستان کے جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے،دہشتگردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آصف زرداری کا خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، مادرِوطن کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
صدر مملکت نے شہدا کیلئے بلندی درجات اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعاء کی۔