نیشنل، قذافی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز کے ڈیزائن کی حتمی منظوری
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے ڈیزائن کی حتمی منظوری دے دی۔
ی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ تینوں اسٹیڈیمز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تینوں اسٹیڈیمز کے ڈیزائن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی دورہ برطانیہ میں انٹرنیشنل اسٹیڈیمز ڈیزائن کرنے والی کمپنی کے ہیڈ آفس گئے جہاں بی ڈی پی حکام نے اسٹیڈیمز کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر انہیں بریفنگ دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈیزائن تیار کرنے والے اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ڈیزائن کے مطابق اسٹیڈیمز کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ایک بڑا ٹاسک ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم اس چیلنجنگ کام کو دن رات محنت کر کے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے گی، چیمپئنز ٹرافی سے قبل تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن مکمل کرائیں گے، اس میگا پراجیکٹ کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔