اسلام آباد (نیوز پلس) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بلین ٹری سونامی پروجیکٹ خیبر پختونخوا میں 4 الگ الگ انویسٹی گیشنزکی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ٹیکسٹ بورڈ خیبر پختونخواہ کے افسران، اہلکاروں اور دیگر کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ محکمہ تعلیم اور خواندگی حکومت سندھ کے افسران و اہلکاروں اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشنز بھی شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 12 انکوائریز کی منظوری دی گئی، جس میں بلین ٹری سونامی پروجیکٹ خیبر پختونخوا میں 6 الگ الگ انکوائریز شامل ہیں۔اس موقع پرچیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کی اولین ترجیح میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں، صرف ریاست پاکستان سے ہے۔انہوں نے کہا کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔