نوجوان کرکٹرز کو تعلیمی سکالرشپ ملیں گے، پی سی بی اور بیکن ہاؤس کے درمیان معاہدہ طے
پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کی پروقار تقریب، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے
معاہدے کے تحت ملک کے 16 ریجنز سے تعلق رکھنے والے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے 120 نمایاں کھلاڑیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی
.نوجوان کرکٹرز کے لئے تعلیمی وظائف کا معاہدہ دورس نتائج کا حامل ہو گا۔ نوجوان کرکٹرز کھیل کے ساتھ تعلیم پر بھی توجہ دے سکیں گے
لاہور:(نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایجوکیشن سروسز لمیٹڈ(بیکن ہاؤس) کے درمیان کرکٹرز کے لیے تعلیمی سکالرشپ کا معاہدہ طے پا گیا۔پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی معاہدے پر دستخط کی تقریب کیمہمان خصوصی تھے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور بیکن ہاوس کے چیف ایگزیکٹو قاسم قصوری نے معاہدے پر دستخط کئے، معاہدے کے تحت ملک کے 16 ریجنز سے تعلق رکھنے والے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے 120 نمایاں کھلاڑیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔نوجوان کرکٹرز کے لئے تعلیمی وظائف کا معاہدہ 3 برس تک نافذ العمل رہے گا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تعلیمی معاونت پر بیکن ہاوس کے اقدام کو سراہا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کھیل کے ساتھ تعلیم پر بھی پوری توجہ دے سکیں گے۔نوجوان کرکٹرز کے لئے تعلیمی وظائف کا معاہدہ دورس نتائج کا حامل ہو گا۔ بیکن ہاؤس سے شراکت داری سے مستقبل کے کرکٹ سٹارز کی تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔تعلیمی سکالرشپ کا دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ کرکٹ سٹارز اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ شراکت داری نوجوان کرکٹرز کے اچھے مستقبل کی ضمانت ہے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی، اور جی ایم ڈومیسٹک جنید ضیا نے شرکت کی۔ بیکن ہاؤس کے چیف آپریٹنگ آفیسر علی احمد خان، اے ڈی آپریشنز فیصل نثار، جنرل منیجر سیدہ ارم نقوی اور منیجر سپورٹس تانیا ملک نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
