نفرت اور تقسیم کو دفن کرنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نفرت اور تقسیم کو دفن کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں،پاکستان مشکل وقت اور تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو مسائل کا مقابلہ کر سکتی ہے،مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، مجھے 4 بار نہیں ایک بار موقع دیں، وعدے پورے کروں گا،ہمیں موقع دیا گیا تو خواتین کو بلاسود قرضہ دیں گے، کسان کارڈ لائیں گے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں کسانوں کو فصل کی قیمت ملے گی، فصل میں نقصان ہوا تو چھوٹے کسانوں کو پیسے دیے جائیں گے، بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے تمام سہولیات دیں گے۔
پیر کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آپ نے ایک بار پھر ساہیوال میں ہمارا استقبال کیا ہے، آپ کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہاکہ اپنے منشور کو لے کر پورے ملک کا دورہ کر رہا ہوں، کل ہم نے لاہور میں جلسہ سے خطاب کیا اور اب ساہیوال کے بھائی بہنوں کے پاس آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ساتھیو! پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ معاشرے میں تقسیم پھیلی ہوئی ہے، ایک پاکستانی کو دوسرے سے لڑوایا جارہا ہے، ہم آپس میں تقسیم، لڑتے رہیں گے تو ملک مخالفین اسکو اپنے فائدہ کیلیے استعمال کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ یہ الیکشن نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنے کیلئے لڑ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے نظریے کی آج جتنی ضرورت ہے، ماضی میں نہیں تھی۔ ہمارے منشور میں گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست نہیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اب وہ کام کرنا پڑے گا جو قائد عوام نے کیا تھا۔
قائد عوام نے ملک کے کسانوں اور غریبوں کا خیال رکھا، ہمیں ایسے ہی کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پچھلی بار جب پیپلز پارٹی کو حکومت ملی تو انقلابی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)شروع کیا تھا۔ حکومت ملی تو خواتین کو بلا سود قرضہ دلوائیں گے تاکہ وہ معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ ساہیوال کے کسانوں کیلئے بینظیر کسان کارڈ لے کر آؤں گا، پاکستان کا کسان خوشحال تو ملک خوشحال۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئے گی تو کسان کو فصل کی اصل قیمت ملے گی، کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو انشورنس دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اربوں کی سبسڈی فرٹیلائزر انڈسٹریز کو دی جاتی ہے، ملک کے اشرافیہ کو 1500 ارب کی سبسڈی دی جاتی ہے، یہ بند کروا کر کسانوں کو سبسڈی دلواؤں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے محنت کشوں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے، نوجوانوں کیلئے ہم یوتھ کارڈ لائیں گے، سندھ میں کم عرصے میں ہر ضلع میں مفت علاج کا ادارہ قائم کیا، ساہیوال میں مفت علاج آپ لوگوں کو ملنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر اضلاع میں یونیورسٹیاں قائم کرنی پڑیں گی، یہ تمام باتیں میرے 10 نکاتی ایجنڈے میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے 4 نہیں ایک بار موقع چاہیے، اگر مجھے موقع دیتے ہو تو ملک کی قسمت بدلوں گا، مسائل حل کروں گا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ الیکشن میں اب صرف 2 جماعتیں ہیں، انتقام اور پرانی سیاست چاہیے تو جائیں شیر پر مہر لگائیں، اگر سمجھتے ہو نئی قیادت کی ضرورت ہے تو تیر پر ٹھپہ لگائیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔