نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سعودی اور اماراتی وزارئے خارجہ سے رابطہ، یمن پر جامع مذاکرات کے فیصلے کا خیر مقدم
پاکستان یمن کے اتحاد اور علاقائی سلامتی کی مکمل حمایت کااعادہ کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: (خاور عباس شاہ ) پاکستان نے یمن کے صدراتی لیڈرشپ کونسل کی جانب سے تنازع کے حل کیلئے سعودی عرب میں جامع مذاکرات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پرامن ماحول میں آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق دار نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزارئے خارجہ کو ٹیلی فون کر کے ان کے اقدام کو سراہا۔
ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے یمن کی صدارتی لیڈرشپ کونسل کی جانب سے ریاض میں جامع مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے اور ایک مرتبہ پر یمن کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ متفقہ اصولوں پر مذاکراتی سیاسی حل کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے لیے کوششیں کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان یمن کے اتحاد اور علاقائی سلامتی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
دفترخارجہ نے کہا کہ اتحاد اور برادرانہ اصولوں کے تحت پاکستان کو توقع ہے کہ علاقائی کوششیں یمن کے پائیدار امن اور استحکام کو بحال کرنے میں معاون ہوں گی۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ پہنچنے کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور مثحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے یمن سے متعلق سعودی عرب وزارت خارجہ کےبیان کا خیر مقدم کیا اور خطے میں صورت حال کو خوش اسوبیسے حک کرنے کیلئے تمام فریقین کی کوششوں کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے بیجنگ سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں مثبت پیش رفت اور بہتری کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے اس مار کو سراہا کہ مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے زمینی حقائق میں ٹھوس اور مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
