Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

میاں شہباز شریف نے الیکشن کمشنر کے عہدیداران کے تقرر کے لیے وزیراعظم عمران خان کو 3 نام تجویز کر دئیے

وزیراعظم کو بھجوائے گئے ناموں میں ناصر سعید کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام شامل

اسلام آ باد (نیوز پلس)صدر مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے وزیراعظم عمران خان کو 3 نام تجویز کردیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق میاں شہبازشریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے 3 نام وزیراعظم کو بھجوادیے ہیں جن میں ناصر سعید کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام شامل ہیں۔وزیراعظم کو ارسال کردہ خط میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری دانست میں یہ ممتاز شخصیات اس منصب کے لیے نہایت مناسب اور اہل ہیں لہٰذا آپ بغیر کسی مزید تاخیر کے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرنے کے لیے یہ 3 نام زیر غور لائیں۔خط میں شہباز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ نام بھجوانے کے بعد وزیراعظم کی جانب سے جلد جواب دیا جائے گا۔انہوں نے خط میں کہا کہ 6 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کی 5 سالہ آئینی مدت مکمل ہورہی ہے اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے مناصب بھی تاحال خالی ہیں جبکہ الیکشن ایکٹ2017 کے سیکشن 3 کے تحت الیکشن کمیشن کا بینچ کم ازکم 3 اراکین پر مشتمل ہونا چاہیے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ چیف الیکشن کمشنر، ایک یا ایک سے زائد ارکان کا تقرر نہ ہوا تو الیکشن کمیشن غیر فعال ہوجائے گا۔یہاں یہ بات یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار محمد رضا 6 دسمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے اور آئین کی دفعہ 213 کی شق نمبر 2 حصہ الف کے تحت وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے پارلیمانی کمیٹی کو چیف الیکشن کمشنر کے تقرر یا سماعت کے لیے نام بھجواتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More